اسلام آباد (ڈیلی اردو) پیپلزپارٹی نے بلاول بھٹو زرداری کو دھمکیاں دینے پر شیخ رشید کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا اعلان کردیا۔ نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب کا مواخذہ ناگزیر ہوگیا ہے۔
اسلام آباد میں نیئر بخاری نے چوہدری منظور اور عامر فدا پراچہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نیب کے روبرو پیش ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسد منیر کی خودکشی اور ان کی جانب سے لکھے گئے خط نے نیب بورڈ پر سوالات اٹھا دیئے ہیں۔
اس موقع پر چوہدری منظور نے کہا کہ شیخ رشید کی دھمکی کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ وہ حکومت، کالعدم جماعتوں اور کسی اور کارنر کے بھی ترجمان ہیں۔ پیپلزپارٹی شیخ رشید کے خلاف مقدمہ درج کرائے گی۔ کالعدم جماعتوں کے ساتھ وفاقی وزراء کا تعلق کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے۔
پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ یہ کیسا نیشنل ایکشن پلان ہے کہ مرکزی جماعتوں کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔