امریکی ریاست میسیسپی میں فائرنگ، 6 افراد ہلاک

واشنگٹن (ڈیلی اردو/وی او اے/اے پی) عہدیداروں نے بتایا ہے کہ جمعے کے روز امریکی ریاست میسیسپی کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں ایک شخص نے فائرنگ کر کے چھ افراد کو ہلاک کر دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق میسیسپی کے پبلک سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان بیلی مارٹن نے ٹیٹ کاؤنٹی کے علاقے ارکابوٹلا میں ان ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

گورنر ٹیٹ ریوز کے دفتر کا کہنا ہے کہ گورنر کو شوٹنگ کے اس واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ہے اور ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

گورنر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فی الوقت ایسا لگتا ہے کہ ملزم ایک ہی ہے اور اسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔اس کی تصدیق ٹیٹ کاؤنٹی کے شیرف نے بھی کی۔

قریب ہی کولڈ واٹر کے علاقے میں واقع ایک ایلیمنٹری اسکول اور ایک ہائی اسکول میں اس واقعے کے بعد لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔ کولڈ واٹر ایلیمنٹری اسکول کے فیس بک پیج پر بتایا گیا کہ یہ لاک ڈاؤن فائرنگ کے مشتبہ شخص کی تلاش کے دوران جاری رہا۔ لیکن تھوڑی دیر بعد ہی ایک اور پوسٹ میں بتایا گیا کہ لاک ڈاؤن ختم کر دیا گیا ہے اور طلباء اور اساتذہ سب محفوظ ہیں۔

ارکابوٹلا امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر میمفس کے 50 کلو میٹرجنوب میں واقع ہے۔ 2020 کی مردم شماری کے مطابق یہاں صرف 285 لوگ رہتے ہیں۔

قریب ہی واقع ارکابوٹلا جھیل نہ صرف پانی کا ذخیرہ ہے بلکہ یہاں لوگ مچھلیاں پکڑتے ہیں اور سیاح تفریح کے لیے بھی آتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں