لاہور (ڈیلی اردو) محکمہ داخلہ پنجاب نے جے آئی ٹی کو سانحہ ماڈل ٹاؤن پر نواز شریف کا بیان ریکارڈ کرنے کی اجازت دے دی۔ جے آئی ٹی آج دن گیارہ بجے کوٹ لکھپت جیل لاہور میں سابق وزیراعظم کا بیان قلمبند کرے گی۔
سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کیلئے آئی جی موٹروے پولیس اے ڈی خواجہ کی سربراہی میں بنائی گئی جے آئی ٹی کی تحقیقات جاری ہیں۔ سربراہ جے آئی ٹی نے سابق وزیراعظم نوازشریف کا بیان ریکارڈ کرنے کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب سے رجوع کیا تھا۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے جی آئی ٹی کو بدھ کو دن گیارہ بجے جیل میں نواز شریف کا بیان ریکارڈ کرنے کی اجازت دے دی ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
جے آئی ٹی نے گزشتہ روز سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کا بیان ریکارڈ کیا تھا، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور پولیس افسران بھی نئی جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کروا چکے ہیں۔