بلوچستان: بولان میں سردار خان رند کے قافلے پر بم حملہ، 2 محافظ ہلاک، ایک زخمی

بولان (ڈیلی اردو) بلوچستان اسمبلی کے ایم پی اے سردار یار محمد رند کے بیٹے میر سردار خان رند کے قافلے پر بم حملہ، دھماکہ میں سردار خان کے 2 محافظ ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر ڈھاڈر کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق سردار رند کے قافلے کو ڈھاڈر کے علاقے نوشمان میں نشانہ بنایا گیا، دھماکہ آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا، لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال ڈھاڈر منتقل کیا گیا ہے۔

رکن صوبائی اسمبلی سردار یار محمد رند نے بتایا کہ میرے بڑے صاحبزادے سردار خان رند کے قافلے پر بم حملہ ہوا ہے، سردارخان رند محفوظ ہیں، تاہم قافلے میں شامل دیگر افراد زخمی اور ہلاک ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے رکن صوبائی اسمبلی سردار یار محمد رند کے صاحبزادے سردار خان رند کے قافلے پر بم دھماکے کی مذمت کی اور دہشت گردی کی کارروائی میں دو محافظوں کے ہلاک اور دیگر کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ سردار خان رند دھماکے میں محفوظ رہے، وزیراعلیٰ نے دھماکے میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے تمام وسائل استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ دہشت گرد عناصر خوف و ہراس کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں، صوبے میں امن و امان کی صورتحال ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔

https://twitter.com/Mao_Baluch/status/1634567103972876288?t=GtwJd_ns-WXNW0koAM2OOA&s=19

اپنا تبصرہ بھیجیں