کراچی میں مفتی عبدالقیوم کے قتل میں ملوث پولیس افسر گرفتار

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں مفتی عبدالقیوم کے قتل میں ملوث پولیس افسر کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق مفتی عبدالقیوم کے قتل کی سپاری پولیس کے انٹیلی جنس افسر محمد عتیق نے دی۔

حکام کا مزید بتانا ہے کہ ملزم عتیق قتل کی واردات براہ راست سی سی ٹی وی کیمرے پر دیکھتا رہا، مفتی عبدالقیوم کو قتل بھی ملزم عتیق کے گھر کے سامنے ہی کیا گیا اور قتل کی واردات سے قبل پولیس افسر عتیق ملزمان سے رابطے میں تھا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم عتیق کا ٹرانسفر حال ہی میں وفاقی تحقیقاتی ادارے میں کیا گیا تھا، ملزم عتیق کئی حساس اور اہم مقامات پر ڈیوٹیاں بھی دیتا رہا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم عتیق نے کرائے کے قاتلوں کو 2 مزید افراد کے قتل کی سپاری دی تھی۔

ملزم عتیق واردات کے بعد محکمے سے چھٹیاں لیکر فرار ہوگیا تھا اور اجرتی قاتلوں کی گرفتاری کے بعد ملک سے فرار ہونے کی کوشش بھی کر رہا تھا۔

ملزم انتہائی ہوشیار اور چالاک ہے ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔

گرفتار اجرتی قاتل تنویر اور علی اکبر ایک سیاسی جماعت کے لیے بھی کام کرتے تھے اور ان کے کہنے پر سپاری لیکر کسی کوبھی قتل کردیتے تھے اس سلسلے میں پولیس ہر پہلو سے تفتیش کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ مفتی عبداالقیوم کو 21 مارچ کو گلستان جوہر میں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم اور مفتی عبدالقیوم کے درمیان زمین کا تنازع تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں