شکارپور پولیس کی بڑی کارروائی، داعش کے 4 دہشت گرد گرفتار، اسلحہ، بارودی مواد برآمد

شکارپور (ڈیلی اردو) پولیس نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ نا کام بنا دیا، داعش کے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے بارودی مواد بر آمد کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع شکارپور میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے عالمی دہشت گرد تنظیم داعش چار دہشت گرد گرفتار کر لیے، گرفتار دہشت گرد سندھ، بلوچستان میں دہشت گردی میں ملوث حفیظ بروہی اور عبداللہ بروہی کے قریبی ساتھی بتائے جاتے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا تعلق عالمی دہشت گرد تنظیم داعش سے بتایا جاتا ہے

دہشت گردوں میں عبد الحکیم بنگلانی، عبد الشکور، اسحاق جعفری اور فاروق سومرو شامل ہیں، دہشت گردوں سے 2 پریشر ککر بم، 35 ہینڈ گرنیڈ، 20 کلو بارودی مواد برآمد ہوا۔

دہشت گردوں سے 2 ٹی ٹی پستول، 3 وائرلیس سیٹ، بم بنانے کا سامان، 11 ہزار افغان کرنسی بھی برآمد کی گئی ہے۔

حفیظ بروہی اور عبداللہ بروہی 28 فروری کو بلوچستان میں ایک کارروائی میں مارے گئے تھے، گرفتار دہشت گرد حفیظ اور عبداللہ کے سہولت کار تھے، حملہ آوروں کو دھماکے کی جگہ پہنچاتے تھے۔

ملزمان 2009 ،2013 میں سابق ایم این اے ابراہیم جتوئی پر بم حملے میں ملوث تھے، 2013 میں جیکب آباد میں ہونے والے ریمورٹ کنٹرول دھماکے میں بھی ملوث تھے۔

ملزمان شکارپور کی درگاہ حاجن شاہ دھماکے میں بھی ملوث تھے، واقعے میں 8 افراد شہید ہوئے تھے، 2015 میں امام بارگاہ کربلا میں بھی بم دھماکا کیا جس میں 70 سے زائد افراد شہید ہوئے، 2015 ہی میں محرم کے جلوس میں خودکش حملہ کرایا جس میں 28 افراد شہید ہوئے تھے، 2016 میں خان پور میں نماز عید پر خودکش حملہ کرایا جس میں ایک خودکش بمبار عثمان پٹھان پکڑا گیا تھا۔

پولیس کی جانب سے گزشتہ 5 سال سے اس نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے کوشش کی جا رہی تھی، نیٹ ورک سیہون شریف، درگاہ شاہ نورانی میں خود کش دھماکوں میں بھی ملوث تھا۔

ایس ایس پی شکارپور جناب ساجد امیر سدوزئی نے نمائندہ ڈیلی اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بتایا کہ آئی جی سندھ پولیس ڈاکٹر کلیم امام نے شکارپور پولیس کے لیے پندرہ لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں