خیبر پختونخوا اسمبلی میں یوم خواتین پر عورت مارچ کیخلاف مذمتی قرارداد منظور

پشاور (ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا کی اسمبلی میں یوم خواتین پر نکالے جانے والے عورت مارچ کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کے پی اسمبلی نے یوم خواتین پر عورت مارچ کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی، قرارداد حکومت اور اپوزیشن ارکان نے مشترکہ طور پر پیش کی تھی۔

قرارداد میں خواتین کے نعروں کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ خفیہ قوتیں ہمارے خاندانی نظام کو پاش پاش کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ سول سوسائٹی کے نام پر کچھ خواتین نے جو نعرے لگائے وہ قابل مذمت ہیں، خواتین مارچ کی آڑ میں فحاشی کی مذمت کرتے ہیں۔

قرارداد میں متفقہ طور پر مطالبہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت پس پردہ قوتوں کو سامنے لا کر ان کے خلاف کارروائی کرے۔

یاد رہے کہ آٹھ مارچ کو یوم خواتین پر پاکستانی سینیٹ نے سینیٹر کرشنا کماری کو ایک دن کے لیے چیئر پرسن سینیٹ مقرر کر لیا تھا، پیپلز پارٹی کی سینیٹر نے اس دن سینیٹ کی کارروائی چلائی۔

عالمی یوم خواتین پر عورت مارچ سوشل میڈیا پر ایک متنازعہ موضوع بن گیا تھا، بالخصوص چند نہایت متنازع پوسٹرز کی وجہ سے عورت مارچ پر شدید تنقید کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں