اسلام آباد (ڈیلی اردو) نیب راولپنڈی نے وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کو آئندہ ہفتے طلب کرلیا۔ نیب ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کو نوٹس بھیج دیا گیا۔
سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی نیب میں پیشی کے بعد اب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بھی نیب راولپنڈی نے ٹھٹھہ شوگر مل کیس میں آئندہ ہفتے طلب کر لیا۔
نیب ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کو ٹھٹھہ شوگر مل کیس میں تمام ریکارڈ بھی ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نیب کی جانب سے مراد علی شاہ کو باقاعدہ نوٹس جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق انہیں اولڈ نیب ہیڈکوارٹرز میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سندھ حکومت نے اومنی گروپ کی شوگر ملز کو اربوں روپے کی سبسڈی دی تھی۔ شوگر ملز کو دی گئی سبسڈی کے معاملے پر نیب کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں