لکی مروت میں آپریشن، سی ٹی ڈی انسپکٹر، 2 خودکش بمباروں سمیت 3 دہشت گرد ہلاک

لکی مروت (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سی ٹی ڈی اور پولیس نے مشترکہ طور پر آپریشن کے دوران دو خودکش بمباروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ ایک دہشت گرد فائرنگ میں مارا گیا۔

پولیس کے مطابق لکی مروت کے نواحی گاؤں پہاڑ خیل تھل میں آپریشن کیا گیا جس میں سی ٹی ڈی اور مقامی پولیس اہلکار شامل تھے۔

آپریشن کے دوران دو خودکش حملہ آوروں نے خود کو اڑا دیا اور فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔

پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے تین دہشت گرد مارے گئے۔

دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں انسپکٹر سی ٹی ڈی بنوں ریجن جاوید اقبال اور اے ایس آئی عرفان زخمی ہوئے جنہیں گورنمنٹ سٹی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔جہاں سی ٹی ڈی کے اہلکار عرفان اور انسپکٹر جاوید اقبال خلیفہ گلنواز ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئے۔

ہلاک دہشتگردوں کی شناخت انور عرف خانی ولد عنایت اللہ اور نعمان ولد عرب خان کے ناموں سے ہوئی جو سی ٹی ڈی کو متعدد سنگین دہشتگردی کے مقدمات میں مطلوب تھے۔

ہلاک دہشتگرد پولیس پر حملوں، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ سمیت بم دھماکوں میں بھی ملوث تھے جبکہ دہشت گرد نعمان کرنل ریٹائرڈ مقرب خان کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا۔

سی ٹی ڈی، پولیس اور پاک فوج کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں