کراچی میں چینی شہریوں پر خودکش حملہ ناکام، بمبار ہلاک

کراچی (ڈیلی اردو) کراچی کے علاقے ملیر میں پولیس کی فائرنگ سے مبینہ خودکش بمبار مارا گیا، جس نے جیکٹ بیلٹ پہنی ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق خودکش حملہ چینی شہریوں کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔ حملہ آور کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔

کراچی کے علاقے ملیر سکھن ریڑھی گوٹھ میں پولیس کی فائرنگ سے مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگیا، جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔

پولیس حکام کے مطابق دہشت گرد اپنے ساتھی کے ہمراہ نالے کے راستے چینی کمپنی ہانگ کانگ داود جیٹی تک پہنچا تھا، اور بحری جہازوں کی مرمت کے مقام پر داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا، داود جیٹی پر بڑی تعداد میں غیر ملکی بھی موجود تھے، اور دہشت گرد چینی شہریوں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

حکام کے مطابق ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے دہشت گردوں کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے فائرنگ کردی، جس سے ایک اہلکار زخمی ہوگیا، پولیس کی جوابی فائرنگ میں ایک دہشت گرد ہلاک اور دوسرا فرار ہوگیا۔

حکام نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد نے خود کش جیکٹ بھی پہنی ہوئی تھی، جسے ناکارہ بنانے کے لئے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا، جب کہ پولیس کی مزید نفری بھی طلب کرلی گئی۔

انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب بھی ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ پینچ گئے، ان کہنا تھا کہ سیکیورٹی خدشات تو موجود ہیں لیکن پولیس بھی ہر مقام پر الرٹ ہے جس کے باعث حملہ ناکام بنا دیا گیا۔

انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد مکمل تیاری کے ساتھ آئے تھے، بھاری تعداد میں گولیاں، کھانے پینے کی اشیا اور فرسٹ ایڈ کا سامان بھی دہشت کے قبضے سے برآمد ہوا ہے، ہلاک ملزم کی شناخت فوری طور پر نہیں ہوئی ہے، تحقیقاتی داروں نے تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے فرار دہشت گرد سمیت دیگر ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں