یوکرین روس جنگ میں غیر ملکی صحافی ہلاک

کیف (ڈیلی اردو/اے ایف پی) یوکرین میں غیر ملکی خبر ایجنسی کا صحافی ارمان سولڈن ہلاک ہو گیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق فرانسیسی خبر ایجنسی اے ایف پی کا صحافی ارمان سولڈن مشرقی یوکرین میں راکٹ حملے کی زد میں آیا۔

یہ حملہ منگل کو شام ساڑھے 4 بجے چیسف یار کے علاقے میں ہوا، یہ علاقہ بخموت سے قریب ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی نے بتایا ہے کہ صحافی ارمان سولڈن فرانسیسی شہری تھا۔

صحافی ارمان سولڈن کی ہلاکت پر فرانسیسی صدر اور یوکرینی وزارتِ دفاع نے اظہارِ افسوس کیا ہے۔

رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے مطابق یوکرین جنگ میں اب تک 11 صحافی مارے جا چکے ہیں۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرن پیری نے آنجہانی صحافی کو خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا ان صحافیوں کی مقروض ہے جو جنگ کے دوران اپنی جانیں گنوا بیٹھے۔

ارمان سولڈن کون تھے؟

ارمان بوسنیا کے دارالحکومت سراہیوو میں پیدا ہوئے، ان کے پاس فرانسیسی شہریت تھی۔

انہوں نے 2015 سے اے ایف پی کے روم (اٹلی) میں قائم بیورو سے کیریئر کا آغاز کیا اور بعد ازاں لندن میں بھی تعینات رہے۔

روس کے حملے کے بعد وہ اے ایف پی کی اس ٹیم کا حصہ تھے جسے خبر رساں ادارے نے سب سے پہلے یوکرین بھیجا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں