بلوچستان: دہشت گردوں کا قلعہ سیف اللہ میں ایف سی کیمپ پر حملہ، 16 اہلکار ہلاک

اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں فرنٹیئرکور (ایف سی) کے ایک کیمپ پر حملے میں 16 سکیورٹی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حملے میں سیکورٹی فورسز کے دو اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ہیں جبکہ فورسز کی کارروائی میں دو حملہ آور بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ آوروں کے ایک گروہ نے علی الصبح مسلم باغ میں ایف سی کے کیمپ پرحملہ کیا۔

ڈیلی اردو کو ذرائع نے بتایا کہ مسلم باغ میں ایف سی چھاؤنی پر حملے میں 16 اہلکار ہلاک جبکہ 40 سے زائد اہلکاروں کی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے صبح سویرے مسلم باغ پر حملہ کیا۔ ذرائع کا دعوٰی ہے کہ 2 حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس سے کافی نقصان ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق کیمپ سے نہ صرف زوردار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیتی رہیں بلکہ شدید فائرنگ کی آوازیں بھی آتی رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صبح ہونے کے بعد فوجی ہیلی کاپٹر مسلم باغ پہنچ گئے اور فضا میں چکر لگاتے رہے۔ جبکہ سیکورٹی فورسز نے ایس ایس جی کمانڈوز کو طلب کرلیا ہے۔

مسلم باغ میں عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ صبح سویرے سے شروع ہوئے اس آپریشن میں جنگی ہیلی کاپٹر بھی استعمال کئے جا رہے ہیں۔ دھماکوں کی آوازیں بھی سنی جا رہی ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ دوپہر کو ایس ایس جی کمانڈوز نے آپریشن شروع کیا جو آخری اطلاعات تک جاری ہے۔

مسلم باغ سے تعلق رکھنے والے ایک شہری نے بتایا کہ ایف سی کیمپ پر ہونے والے حملے کے باعث شہر میں کاروباری مراکز بند ہیں۔

شہری کے مطابق ایف سی کے کیمپ کی جانب جانے والے تمام راستوں کو سیل کردیا گیا اور شہری آبادی میں خوف ہے۔

دوسری جانب تحریک جہاد پاکستان نامی تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔ ترجمان ملا محمد قاسم نے دعوٰی کیا ہے کہ رات سے ہمارے فدائی فوجی کیمپ میں داخل ہیں اور ابھی تک شدید لڑائی جاری ہے۔ابتک 40 فوجیوں کی لاشیں ہمارے ساتھیوں کے سامنے پڑی ہوئی ہیں۔

ترجمان نے دعوٰی کیا ہے کہ مجاہدین نے اسلحہ ڈپو پر قبضہ کرلیا ہے۔

ادھر مسلم باغ میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر مبینہ حملہ آوروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں 6 حملہ آوروں کو دیکھا جاسکتا ہے۔ حملہ آور رات 2 بج کر 3 منٹ پر کیمپ میں داخل ہوئے ہیں۔

وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور وزیر داخلہ بلوچستان نے ایف سی کیمپ مسلم باغ پر شدت پسندوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔

اپنے الگ الگ بیانات میں انھوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اپنے سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور وہ دن دورنہیں، جب دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہو گا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں