ڈیرہ اسماعیل خان (توقیر حسین زیدی) خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا۔
پولیس کے مطابق یہ آپریشن ڈیرہ اسماعیل خان کے نواحی علاقے کھوئی بارہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔
پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان اقبال کھیارہ عرف بالی گروپ کا اہم رکن مقابلے میں مارا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد مسرور کا تعلق پنجاب کے ضلع لیہ کے علاقہ چوک اعظم سے ہے۔
ذرائع کے مطابق دہشت گرد مسرور ولد گل زرین دہشت گردی کے واقعات میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو مطلوب تھا۔ مارے گئے دہشت گرد سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔