امریکی ریاست نیو میکسیکو میں موٹر سائیکل ریلی کے دوران فائرنگ، 3 افراد ہلاک

واشنگٹن (ڈیلی اردو/رائٹرز/اے پی/وی او اے) امریکہ کی جنوب مغربی ریاست نیو میکسیکو کی پولیس کا کہنا ہے کہ ریڈ ریور کے علاقے میں موٹر سائیکل ریلی کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں تین افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے ہیں۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق ریڈ ریور کی میئر لِنڈا کلہون کا کہنا تھا کہ ریاست نیو میکسیکو کے دارالحکومت سے 75 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع علاقے میں سالانہ میموریل ڈے موٹر سائیکل ریلی منقعد کی گئی تھی۔

ریڈ ریور کی میئر کا کہنا تھا کہ اس ریلی کے دوران موٹر سائیکل سواروں میں بدمزگی ہوئی جس کے بعد انہوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ شروع کر دی۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ سب موٹر سائیکل گینگ کے اراکین تھے۔

ان کا دعویٰ تھا کہ اس ریلی کے شرکا کی اکثریت کا تعلق اس علاقے سے نہیں تھا۔ بیشتر افراد اپنی موٹر سائیکلوں پر باہر سے آئے تھے۔

تاہم لِنڈا نے واقعے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

خیال رہے کہ یہ موٹر سائیکل ریلی امریکہ کی فورسز کے سابق اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منقعد کی جاتی ہے۔

ریڈ ریور میں ہونے والی ریلی میں امریکہ بھر سے موٹر سائیکل سواروں نے شرکت کرنی تھی۔

ایک اندازے کے مطابق ریلی میں لگ بھگ 28 ہزار موٹر سائیکل سواروں کی شرکت متوقع تھی۔

ریلی میں لائیو میوزک اور ویت نام کے سابق فوجیوں کی یاد میں تقریبات کا انعقاد کیا جانا تھا۔

پولیس نے واقعے کے فوری بعد علاقے میں پہنچ کر اس مقام تک آنے اور جانے والے راستے بند کر دیے تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ تین ہلاک افراد کی لاشیں اور پانچ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

مقامی انتظامیہ نے جائے وقوع کے قریبی علاقے میں ہر قسم کے کاروبار کی بندش کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقے کے باہر بھی صرف ضروری اشیا کی دکانیں اور کاروبار کھلے رہیں گے باقی کاروبار بند رہیں گے۔

پولیس نے اس علاقے کی تمام شاہراہیں بند کر دی ہیں۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کی تحقیقات تک ان تمام راستوں کو بند رکھا جائے گا۔

آٹھ سال قبل ایسا ہی ایک واقعہ ریاست ٹیکساس کے علاقے واکو میں پیش آیا تھا جس میں نو موٹر سائیکل سوار ہلاک اور 18 زخمی ہوئے تھے۔اس واقعے میں موٹر سائیکل سواروں کے دو گروہ بندیدوس اور کوسیکس ملوث تھے۔

خیال رہے کہ امریکہ میں گن وائلنس کے واقعات میں رواں سال اضافہ دیکھا جا رہا ہے جب کہ خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ اور امریکی اخبار ’یو ایس اے ٹو ڈے‘ کے مرتب کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں برس ہر ہفتے میں لگ بھگ گن وائلنس کا ایک واقعہ پیش آ رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں