پشاور میں بکتربند گاڑی پر دہشت گرد کی لاش باندھ کر شہر میں گھمانے کی ویڈیو وائرل

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبہ خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں بکتر بند گاڑی پر دہشت گرد کی لاش کو رسی سے باندھ کر شہر میں گھمانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

پشاور کے نواحی علاقے متنی میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے 6 اپریل کو ایک مشترکہ آپریشن کے دوران مطلوب دہشت گرد کو ہلاک کیا، جس کی لاش بعد ازاں بکتر بند کے آگے رسیوں سے باندھ کر شہر میں گھمائی گئی۔

دہشت گرد کی شناخت عظمت عرف ملنگ کے نام سے ہوئی تھی، جس کا تعلق شینا گروپ سے بتایا جاتا ہے۔ دہشت گرد کی لاش کو بکتر بند گاڑی پر رسی سے باندھ کر شہر میں گھمایا گیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دہشت گرد کی لاش کو رسیوں سے باندھ کر انڈس ہائی وے پر گھما کر تھانے لایا گیا۔

اس دوران پولیس افسران دہشت گرد کی لاش کے ساتھ سیلفیاں بھی بناتے رہے جب کہ ایک ٹک ٹاک ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی۔

واقعے کے بعد اعلیٰ پولیس حکام نے ویڈیو وائرل ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او پشاور کو تحقیقات کا حکم دیا، جس پر سی سی پی او سید اشفاق انور نے ایس پی صدر سرکل ملک حبیب کی نگرانی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دے کر جلد رپورٹ مرتب کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں