نئی دہلی (ویب ڈیسک) کانگریس صدر راہل گاندھی کے قریبی ساتھی، انڈین اوورسیز کانگریس کے چیف اور پارٹی کے ایک نظریہ ساز سیم پترودا نے پلوامہ حملے کے بعد بالاکوٹ میں فضائیہ کی کارروائی میں مبینہ ہلاکتوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پر حملہ کرنا غلطی تھی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو ایک طویل انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ اگر فضائیہ نے بالاکوٹ میں 300 لوگوں کو ہلاک کیا ہے تو میرا سوال یہ ہے کہ کیا آپ مزید حقائق پیش کر سکتے ہیں اور اس دعوے کو ثابت کر سکتے ہیں،ان کے مطابق حکومت کا دعویٰ ہے کہ وہاں 300 لوگ مارے گئے لیکن میں نے نیویارک ٹائمز اور دیگر اخباروں میں اس سے مختلف رپورٹیں دیکھی ہیں، کیا واقعی ہم نے حملہ کیا ہے اور 300 افراد کو ہلاک کیا ہے؟۔