وزیراعظم شہباز شریف نے عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دیدی

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے اقدامات کیلیے اعلیٰ سطح پر وزارتی کمیٹی تشکیل دے دی۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی ملاقات ہوئی۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نےعافیہ سے ملاقات کیلئے امریکی ویزے میں حکومتی معاونت پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ویزے کے حصول میں حکومتی معاونت فراہم کرکے آپ نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی بنیاد رکھی ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں ڈاکٹر عافیہ کے اہلِ خانہ کے کرب کا بخوبی ادراک ہے اور انکے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ شہباز شریف نے ہدایت کی کہ وزارت خارجہ ڈاکٹر فوزیہ کو ڈاکٹر عافیہ سے آئندہ ملاقات کیلئے ویزے کے حصول میں مکمل معاونت فراہم کرے۔

اُن کا کہنا تھا کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے کوششیں ہمارا فرض ہیں جبکہ وزیراعظم نے عافیہ کی رہائی کے لیے حکومتی کوششوں کو منظم اور مزید تیز کرنے کے لیے اعلیٰ سطح پر وزارتی کمیٹی تشکیل دے دی۔

ڈاکٹر فوزیہ نے عافیہ کی رہائی کیلئے حکومتی کوششوں پر وزیرِ اعظم اور وزارت خارجہ کیلئے خصوصی شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم سے فوزیہ صدیقی کی گزشتہ تین ماہ میں یہ دوسری ملاقات تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں