امریکی دباؤ کے باوجود عسکری صلاحیتوں میں اضافہ جاری رکھیں گے: ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای

تہران (ویب ڈیسک) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکی دباؤ کے باوجود ایران اپنی عسکری صلاحیتوں میں اضافہ کرتا رہے گا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکی دباؤ کے باوجود ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لاتا رہے گا اور یہ عسکری صلاحیتیں اتنی طاقتور ہونا چاہئیں کہ دشمن ایران پر جارحیت کے بارے میں سوچتے ہوئے بھی کانپے۔

ایران کے سپریم لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ ایران امریکا سمیت دیگر عالمی قوتوں کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے لیکن ملکی حمیت اور دفاع کے حوالے سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ملک کی حفاظت ہر چیز سے مقدم ہے جس کے لیے عسکری صلاحیتوں اور استعداد میں اضافہ ناگزیر ہے۔

واضح رہے کہ امریکا گزشتہ برس ایران جوہری معاہدے میں توسیع سے انکار کرتے ہوئے معاہدے سے دستبردار ہوگیا تھا، امریکا کا موقف تھا کہ ایران معاہدے کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ہے اور خفیہ طور پر اپنے جوہری ہتھیاروں کی تیاری میں مشغول ہے، اس ضمن میں امریکا نے ایران پر سخت اقتصادی پابندیاں بھی عائد کردی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں