ساہیوال جیسے واقعات دنیا بھر میں ہوتے ہیں، گورنر پنجاب چوہدری سرور

ساہیوال جیسے واقعات دنیا بھر میں ہوتے ہیں، گورنر پنجاب
آزاد کشمیر + میرپور (ڈیلی اردو/ ویب ڈیسک ) گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ ساہیوال واقعے کی وجہ سے کاؤنٹرٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی پر تنقید نہیں ہونی چاہیے، اس طرح کے واقعات دنیا بھر میں ہوتے ہیں، حکومت نے تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی رکن پارلیمنٹ لارڈ نذیر کے ہمراہ آزاد کشمیر کے علاقے میرپور میں صجافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ساہیوال واقعہ کی تحقیقات کےلئے حکومت نےجےآئی ٹی بنادی جس میں اہم اداروں کے افسران بھی شامل ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ساہیوال واقعےمیں مارےجانے والے افراد واقعی بےگناہ تھے، جس پر سب کو ہی دکھ اور صدمہ پہنچا، حکومت واقعے کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں ضرور لائے گی۔

چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی نے صوبے سے دہشت گردی کا قلع قمع کیا، ایک واقعہ کو بنیاد پر کر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی مجموعی کارکردگی پر تنقید نہیں ہونی چاہیے کیونکہ دیگر صوبوں کی طرح پنجاب میں فوج اور رینجرزکونہیں بلایاگیا۔

گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ساہیوال جیسے واقعات پوری دنیا میں رونما ہوتے ہیں، واقعے کی تفتیش اور تحقیقات کرنا اصل معاملہ ہے جس کے لیے حکومت نے جے آئی ٹی تشکیل دے دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں