لاہور میں لیگی کارکنوں کی گرفتاریاں شروع

لاہور (ویب ڈیسک) لاہور پولیس نے ٹرین روکنے کے جرم میں لیگی کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کر دیں۔ سابق وزیراعلی پنجاب کے مشیر شفقت حسین پاندہ کو گھر سے گرفتار کر لیا گیا۔

گزشتہ روز کوٹ لکھپت جیل میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر ن لیگی کارکنان نے احتجاجاً ٹرین روک لی تھی جس پر پولیس نے چھاپے مار کر مختلف کارکنان کی گرفتاریاں شروع کر دی ہیں۔ سینئر مسلم لیگی رہنما شفقت حسین کے گھر بھی چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں مریم نواز کی کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملاقات کے موقع پر مسلم لیگ ن کے کارکن اجازت نہ ملنے پر جیل کے باہر مسافر ٹرین روک کر نعرہ بازی کرتے رہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کیلئے مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کوٹ لکھپت جیل پہنچی تو کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔ مریم نواز کے اندر جانے کے بعد کارکن بھی بڑی تعداد میں جیل کے باہر رکاوٹیں عبور کر کے آگے چلے گئے جس پر پولیس نے انہیں اندر جانے سے روک دیا۔

مسلم لیگ ن کے مشتعل کارکنان نے کوٹ لکھپت ریلوے ٹریک پر قبضہ کر لیا اور ساہیوال سے آنے والی مسافر ٹرین کو روک لیا۔ لیگی کارکن ٹرین کے انجن پر چڑھ کر نعرہ بازی کرتے رہے۔ پولیس نے بڑی تگ ودو کے بعد ریلوے ٹریک کو کارکنوں سے خالی کروایا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں