خیبر: لنڈی کوتل میں خودکش حملہ آور دستی بم پھنٹے سے ہلاک

لنڈی کوتل (ڈیلی اردو/ٹی این این) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں خودکش حملہ آور خود ہی دھماکے کا نشانہ بن کر ہلاک ہوگیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق سلطان خیل کے مقام پر نامعلوم حملہ آور کی لاش پڑی ہے جو گزشتہ شب رات 2 بجے دھماکے کا نشانہ بنا ہے۔

ذرائع کے مطابق مبینہ خودکش حملہ آور پر جیکٹ پہنتے وقت ہینڈ گرنیڈ پھٹ گیا۔ ہینڈ گرنیڈ پھٹ جانے سے حملہ آور کی ہلاکت واقع ہوئی۔ حملہ آور کے اعضاء مکمل محفوظ رہے۔ ہینڈ گرنیڈ پھینکتے وقت جیکٹ پھٹ نہ سکا۔

واقعہ پیش آنے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں سیکیورٹی بڑھا کر تحقیقات شروع کر دی۔

یاد رہے ضلع خیبرمیں گزشتہ کچھ عرصے سے دہشت گردوں کی کارروائیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ اگست کے مہینے میں بھی سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران دو دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔ اس سے قبل باڑہ کمپاونڈ پر دو خودکش حملے ہوئے تھے جس میں 4 اہلکار ہلاک اور سات زخمی ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ 25 جولائی کو جمرود میں علی مسجد کے قریب مشکوک افراد کی اطلاع پر ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی نے خودکش حملہ آور کو گھیر لیا تھا جو بھاگ کر مسجد میں چھپ گیا تھا۔ جب ایڈیشنل ایس ایچ او سرچ کے لیے مسجد کے قریب پہنچے تو خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اُڑا دیا تھا جس میں عدنان آفریدی ہلاک اور علی مسجد مکمل منہدم ہوگئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں