مستونگ میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، داعش بلوچستان چیپٹر کا سرغنہ و کمانڈر غلام دین شاہوانی ہلاک

اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں داعش خراسان کا اہم کمانڈر ہلاک ہوگیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ضلع مستونگ میں کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دورن شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجہ میں داعش بلوچستان چیپٹر کا سرغنہ و کمانڈر غلام دین شاہوانی عرف شعیب ہلاک ہوگئے۔

ترجمان نے بتایا کہ سی ٹی ڈی نے مذکورہ کمانڈر کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جہاں اس نے اہلکاروں پر فائرنگ کی اور فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگیا۔

ترجمان نے دعویٰ کیا کہ کالعدم تنظیم کا کمانڈر مستونگ میں حملوں کی پلاننگ کررہا تھا۔

سی ٹی ڈی نے بتایا کہ داعش کا کمانڈر مبینہ طور پر صوبے میں بدترین دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا، جس میں جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری پر خودکش حملہ، 2016 میں کوئٹہ میں وکلا پر خودکش حملہ، جماعت اسلامی کے سابق امیر سراج الحق پر خودکش حملہ، سبی میلہ اور کوئٹہ پولیس پر کئی حملے، مچھ میں شیعہ ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے کان کنوں کا قتل شامل ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ مارے گئے دہشت گرد نے وزیرستان میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تربیت حاصل کرنے کے بعد 2015 میں داعش میں شمولیت اختیار کی تھی۔

ہلاک کمانڈر شاہوانی اس سے پہلے جیش محمد اور پھر کالعدم لشکر جھنگوی کا اہم رکن تھا۔

سی ٹی ڈی نے کہا کہ اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں