برطانوی کمانڈر، آرمی چیف کا علاقائی سلامتی، پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) برطانیہ کی بری فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پیٹرک سینڈرز نے منگل کے روز نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی اور پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور کا جائزہ لیا گیا۔

اس سے قبل بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا اور چوتھی پاک۔برطانیہ استحکام کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کیا۔

جنرل باجوہ نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے ملک کی اندرونی اور بیرونی سلامتی کی صورتحال اور پاکستان کے اندر اور خطے میں پائیدار امن کیلئے اپنے وژن پر خصوصی توجہ دی۔ بری فوج کے سربراہ نے جغرافیائی، سیاسی ماحول، سکیورٹی مشکلات اور خطے کی اقتصادی ترقی کے سلسلے میں سی پیک کے امکانات کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک مستحکم اور پرامن خطے کے حصول کیلئے وہ مکمل طور پر پرعزم ہیں۔اس سے قبل بری فوج کے سربراہ کی آمد پر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے صدر جنرل عامر ریاض نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں