امریکا نے دنیا بھر میں اپنے شہریوں کیلئے الرٹ جاری کردیا

واشنگٹن (ڈیلی اردو) اسرائیل حماس جنگ کے تناظر میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر امریکا نے دنیا بھر میں اپنے شہریوں کیلئے الرٹ جاری کردیا۔

امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کی دوران کشیدگی میں اضافے کے بعد دنیا بھر میں مختلف مقامات پر امریکی شہریوں اور امریکی مفادات کے خلاف دہشتگرد حملوں، مظاہروں یا پرتشدد کارروائیوں کے امکانات ہیں۔

امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری الرٹ میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیاحوں سے بھرے مقامات پر محتاط رہیں اور اپنے کوائف اسمارٹ ٹریولر اینرولمنٹ پروگرام میں درج کریں تاکہ ان تک معلومات پہنچانے اور ضرورت پڑنے پر انہیں تلاش کرنے میں آسانی ہو سکے۔

ادھر لبنان میں امریکی سفارت خانے نے جمعرات کو اپنے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ جلد از جلد انخلا کا منصوبہ بنائیں کیوں کہ کمرشل فلائٹس کا آپشن ابھی میسر ہے۔

لبنان میں موجود امریکی شہریوں کو بذریعہ ای میل ملنے والی ہدایات میں سفارت خانے نے کہا کہ وہ لبنان میں سکیورٹی کی صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

سفارت خانے نے کہا: ’ہماری تجویز ہے کہ وہ امریکی شہری جو جانا نہیں چاہتے، ہنگامی حالات کے لیے متبادل منصوبہ بندی کریں۔‘17 اکتوبر کو سٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے ایک ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے اپنے شہریوں پر زور دیا تھا کہ وہ ’غیر متوقع سکیورٹی صورت حال‘ کی وجہ سے لبنان کا سفر نہ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں