قبرص میں اسرائیلی سفارتخانے کے قریب دھماکا، چار شامی گرفتار

نکوسیا (ڈیلی اردو) قبرص میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب نصب دھماکا خیز ڈیوائس ناکارہ بنا دی گئی۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق قبرص میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب دھماکا خیز ڈیوائس گزشتہ رات ملی تھی۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز ڈیوائس کی تحقیقات کے دوران قبرص میں 4 شامی نژاد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ نکوسیا کے گنجان آباد علاقے میں واقع اسرائیلی سفارت خانے کے احاطے سے تقریباً 30 میٹر کے فاصلے پر کسی دھاتی شے میں کم مقدار میں موجود بارودی مواد پھٹنے سے دھماکہ ہوا۔

سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں موجود 17 سے 21 سال کی عمر کے چار نوجوانوں سے پولیس پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ حراست میں لیے گئے افراد میں سے ایک کی گاڑی سے پولیس کو دو چاقو اور ایک ہتھوڑا ملا۔

دوسری جانب غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جاری بمباری سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

وزارتِ صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف قدرا نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں بتایا کہ جمعرات کی شب یونانی آرتھوڈوکس چرچ پر ہونے والے حملے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 137 ہو گئی ہے، 13 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں جبکہ 1 ہزار سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے شروع ہونے والی کشیدگی کے دوران اب تک حماس کی جانب سے کیے گئے حملوں کے نتیجے میں 1400 سے زائد اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں