نیازی صاحب کو ڈرنا نہیں چاہیے، میں یہ حکومت نہیں گراؤں گا: بلاول بھٹو

دوڑ (نیوز ڈیسک) پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے وزیراعظم ہاؤس سے چیخیں آرہی ہیں ، نواز شریف اور شہباز شریف کو مبارکباد دیتا ہوں، نیب کےذریعے ہماری زبان بندنہیں کرسکتے۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو نے دوڑ اسٹیشن پر کارکنان سے خطاب میں حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا وزیراعظم ہاؤس سے چیخیں آرہی ہیں،
‏نیازی صاحب کو ڈرنا نہیں چاہیے، میں یہ حکومت نہیں گراؤں گا۔

40 سال بعد بھی وہ بھٹو شہید سے ڈرتے ہیں، خان صاحب کاہر وعدہ جھوٹا نکلا،کہا گیا 10کروڑنوکریاں دی جائیں گی، کسی کو ملی؟

بلاول بھٹو کا کہنا تھا نواز شریف کو ضمانت اور شہباز شریف کا نام ای سی ایل سےنکلنے پر مبارکباد دیتا ہوں، بڑا لیڈر کبھی آمر کے سامنے نہیں جھکتا، یہ کیسے وزیراعظم ہیں، یوٹرن پر یوٹرن لیتے ہیں۔

پی پی چیئرمین نے کہا نیب کے ذریعے ہماری زبان بندنہیں کرسکتے، نیب مشرف کا بنایا ہوا کالا قانون ہے، خان صاحب کہتے تھے خودکشی کریں گے مگر آئی ایم ایف سے قرضہ نہیں لیں گے۔

ان کا کہنا تھا یہ کیا سمجھتے ہیں ذوالفقار بھٹوکا نواسہ اور بے نظیر کا بیٹا چپ رہےگا، احتساب سے کوئی اعتراض نہیں، کوئی کرپٹ ہےتو پکڑیں، احتساب کےنام پر انتقام نہیں ہونے دیں گے، ہماری زبان بندی نہیں کی جاسکتی۔

خیال رہے کاروان ٹرین مارچ بلاول بھٹو زرداری کے قافلے نے آج دوسرے روز نوابشاہ سے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔

گذشتہ روز بلاول بھٹو کی قیادت میں ٹرین مارچ نواب شاہ پہنچا تو ایم پی اے طارق مسعود آرائیں کی قیادت میں جیالوں نے ٹرین مارچ کا استقبال کیا، اس موقع پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا یہ صرف ٹرین کا سفر ہے، 4 اپریل کو قائد عوام کا 40 واں یوم شہادت ہے، یہ آج بھی بھٹو شہید کی نظریات سے ڈرتے ہیں، اسمبلی میں بھٹو کا نام لینے پر وزیر جل جاتے ہیں اور چیخیں نکلتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں