لاہور (سید طاہر علی ) علمی، ادبی، سماجی و ثقافتی روایات کی امین تنظیم جگنو انٹر نیشنل لاہور کے زیرِ اہتمام الحمرا ادبی بیٹھک لاہور میں مدینتہ الاولیاء اوچ شریف کی تاریخ کی تقریبِ پذیرائی اور جنوبی پنجاب کی خوبصورت شاعرہ کائنات ملک کے اعزاز میں سلام پاکستان مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔
نظامت کے فرائض ممتاز شاعرہ،ادیبہ،ماہرِ تعلیم، دانشور،چیف ایگزیکٹو جگنو انٹر نیشنل ایم زیڈ کنول نے ادا کئے۔ صدارت ممتاز شاعر طارق تاسی نے فرمائی۔مہمانانِ ذی احتشام ڈاکٹر فہیم کاظمی اورکائنات ملک تھے۔ مہمانِ خصوصی محترمہ شاہینہ کشور ( کینیڈا) اور مہمانانِ اعزاز ڈاکٹر طارق شریف زادہ، ارشد نسیم بٹ (آسٹریلیا)تھے۔ ممتاز شاعر و سکالر جناب اعتبار ساجد نے خصوصی طور پر شمولیت فرمائی۔
وطنِ عزیز میں موجودہ حالات کے پیشِ نظر قوم کا ہر فرد ملی جذبے سے وطن عزیز کی سلامتی کا خواہاں ہے۔ علمی و ادبی تنظیمیں بھی کسی سے پیچھے نہیں۔ اسی عزم وعمل کے جذبے سے سرشار علمی، ادبی، سماجی و ثقافتی روایات کی امین تنظیم ،’جگنو انٹرنیشنل نے بھی اپنی ملی روایت کو نبھاتے ہوئے جشنِ بہاراں کی ساعتوں میں خوبصورت ماہانہ نشست کا انعقاد کیا۔
تقریب کا آغاز حسبِ روایت تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت سید شاہد محمود کو حاصل ہوئی۔ بعد ازاں معروف نعت خواں محترمہ گوہر سلطان نے اپنی پر سوز آوازمیں انتہائی عقیدت سے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی۔ مقصود چغتائی میڈیا سیکرٹری جگنو انٹر نیشنل نے پروگرام کی رپورٹ پیش کی۔
تقریب دو نشستوں پر مشتمل تھی۔ پہلی نشست میں ڈاکٹر فہیم رضا کاظمی کی مایہ ناز تصنیف مدینتہ الاولیاء اوچ شریف کی تاریخ کی تقریبِ پذیرائی کا اہتمام کیا گیا۔ ڈاکٹر طارق شریف زادہ، شیراز انجم، اور دیگر احباب نے بہت خوبصورت مقالے پیش کئے۔ ایم زیڈ کنول نے کتاب اور صاحبِ کتاب کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر فہیم رضا کاظمی نے تصوف کی قبا پہنے شریعت و طریقت کی روشنی سے اپنے قلب و نظر کو اس طرح منور کر رکھا ہے کہ ان کے قرطاس کا ہر ہر لفظ عشقِ اللہ و رسولﷺ اور اہلِ بیتِ اطہارؑ کی محبت سے معمور ہر عاشقِ محمدﷺ و آلِ محمدﷺ کے ایمان کے لئے پیامِ راحت اور ایسا نغمۂ سرمدی بن جاتا ہے کہ وہ خود بھی” ھو “کے نعرۂ مستانہ میں کھو کر کشف کی راہوں کا راہی بن جاتا ہے ۔ شاعری ہو یا نثرحب اہلِ بیت اُن کی گھٹی میں پڑی ہے۔ روحانیت، اور فہمِ دین اُن کا اوڑھنا بچھونا ہے۔جس نے انہیں بحرِ مسیحائی کا شناور بنا دیا۔
دوسری نشست میں جنوبی پنجاب کی خوبصورت شاعرہ کائنات ملک کے اعزازمیں سلام پاکستان مشاعرے کا اہتمام کیا گیا۔ سب سے پہلے ایم زیڈ کنول نے میزبان کی حیثیت سے اپنا کلام احباب کی نذرِ سماعت کیا۔اس کے بعد باقاعدہ مشاعرے کا آغاز ہوا۔طارق تاسی ، شاہینہ کشور(کینیڈا)، ڈاکٹر فہیم کاظمی ،(اوچ شریف)کائنات ملک،(جام پور)اعتبار ساجد،اختر ہاشمی، شگفتہ غزل ہاشمی، عبدالمجید چٹھہ، محمد فیاض قریشی( سعودی عرب) مظہر جعفری ،شیراز انجم ، کنول بہزاد، قیصر معراج، محمد افضل،عین تمبولوی ،عالیہ بخاری،حامد انوار(پاکستان قومی زبان تحریک لاہور) میاں صلاح الدین ،کامران نذیر اور دیگر نے خوبصورت کلام سے سماعتوں کو سرور بخشا۔
وائس چیئر پرسن گلوبل ولیج فورم کینیڈا،اورحرا فاؤنڈیشن، ٹونی ٹی وی امریکہ محترمہ شاہینہ کشور جو پروگرام کی مہمانِ خصوصی تھیں۔
انہوں نے ڈاکٹر فہیم کاظمی کی تصوف کے سلسلے میں خدمات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے جگنو انٹرنیشنل کے فروغِ ادب میں کردار کو سراہتے ہوئے چیف ایگزیکٹو ایم زیڈ کنول کی ادبی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے حرا فاؤنڈیشن ،کینیڈا کی طرف سے توصیفی ایوارڈ سے نوازا۔
مزید برآں ڈاکٹر فہیم کاظمی اور کائنات ملک کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا۔قبل ازیں مقصود چغتائی نے جگنو انٹر نیشنل کا تعارف کراتے ہوئے ایم زیڈ کنول کی بے لوث خدمات کا خاص طور پر ذکر کیا۔ دیگرمقررین نے بھی چیف ایگزیکٹو تنظیم ایم زیڈ کنولؔ کی علم دوستی،جذبۂ حب الوطنی اور ادب نوازی کو سراہا۔
تقریب میں اقبال راہی، ڈاکٹر ثروت زہرا سنبل،پروفیسر نذر بھنڈر، شہزاد فراموش،صبا ممتاز بانو، ممتاز راشد لاہوری، عزیز شیخ، فراست بخاری، چوہدری محمد صدیق ، کرن ہاشمی ،مسز طارق تاسی، السا طارق، نہاں طارق اور دیگر شاعروں، ادیبوں،صحافیوں اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مہمانوں کو پھول پیش کئے گئے۔ایم زیڈ کنول نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
مہمانِ خصوصی محترمہ شاہینہ کشور کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا اور یوں ان لمحوں کو امر بناتے ہوئے ریفریشمینٹ کے ساتھ یہ خوبصورت اور یادگار تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔