خضدار میں سی ٹی ڈی کے ساتھ جھڑپ میں بلوچ لبریشن فرنٹ کے کمانڈر سمیت 3 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ (ڈیلی اردو) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کے 3 مبینہ دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک والے دہشت گردوں کے قبضے سے موٹر سائیکل، ایک دیسی ساختہ بم، تین دستی بم، ایک پستول اور دو کلاشنکوفیں برآمد ہوئیں۔

ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی خضدار کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ دہشت گرد خضدار میں بڑی واردات کی نیت سے دہشت گردوں کے کیمپ گریشہ نال سے خضدار آ رہے ہیں۔

اس اطلاع پر سی ٹی ڈی ٹیم نے سوری کانک کے مقام پر ناکہ لگا دیا، اس دوران موٹرسائیکل پر سوار تین مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ شروع کردی، سی ٹی ڈی ٹیم کی جوابی فائرنگ سے تینوں افراد موقع پر ہلاک ہوگئے۔

ہلاک دہشتگردوں کی شناخت کالعدم تنظیم بی ایل ایف کے کمانڈر گلاب عرف نودین کے تین قریبی ساتھیوں آفتاب عرف شامیر، حمزہ عرف پھلو اور عبداللہ عرف ماسٹر کے ناموں سے ہوئی ہے۔

مارے گئے دہشت گردوں کی لاشیں ٹیچنگ ہسپتال خضدار منتقل کردی گئی ہیں، جبکہ سی ٹی ڈی نے مقدمہ درج کرکے دہشت گردوں کے دیگر ساتھیوں کے لئے آپریشن وسیع کردیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں