اسرائیل۔لبنان سرحد پر لڑائی جاری

تل ابیب (ڈیلی اردو/بی بی سی) اسرائیل کی لبنان کی سرحد پر حزب اللہ کے ساتھ لڑائی جاری ہے۔ اسرائیلی کی دفاعی افواج کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کی طرف سے اتوار کو اینٹی ٹینک میزائل فائر کیا گیا ہے اور اس گروپ نے متعدد عام آبادی والے مقامات کو ہدف بنایا ہے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ آرٹلری کے ذریعے ان حملوں کا جواب دے رہی ہے۔

اسرائیل کی ایمبولینس سروس کے ترجمان نے اسرائیل کے ایک ٹی وی چینل کو بتایا کہ ان حملوں میں ایک شخص شدید زخمی اور تین سے پانچ افراد زخمی ہیں۔

فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سڑک پر گاڑیوں میں آگ لگی ہوئی ہے۔

سنیچر کو اپنے خطاب میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے کہا تھا کہ وہ لبنان کی سرحد کے قریب اسرائیل سے لڑتے رہیں گے۔

غزہ میں جاری جنگ 7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد شروع ہوئی جس میں اسرائیلی حکام کے مطابق 1200 لوگ ہلاک ہوئےتھے جب کہ 240 کے لگ بھگ لوگوں کو حماس نے یرغمال بنا لیا تھا جو اب بھی اس کی تحویل میں ہیں۔

حماس کے حملے کے بعد اسرائیل نے غزہ کی ناکہ بندی کرکے اعلانِ جنگ کر دیا تھا۔ اسرائیل نے جنگ کے دو مقاصد بتائے ہیں جن میں یرغمالی کی رہائی اور حماس کا مکمل خاتمہ شامل ہیں۔ ایک ماہ سے زائد جاری لڑائی میں حماس کے زیرِ اتنظام غزہ کے طبی حکام کا کہنا تھا کہ 10 ہزار سے زائد فلسطینی مارے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں