جعلی اکاؤنٹس کیس: آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت منظور

اسلام آباد (ڈیلی اردو) جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کی درخواست ضمانت منظور کرلی گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کی جعلی اکاؤنٹس کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی، سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے عدالت میں دائر درخواست ضمانت میں استدعا کی گئی تھی کہ نیب کو گرفتاری سے روکا جائے اور جعلی اکاؤنٹس کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی جائے۔

عدالت نے 10 اپریل تک درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو نوٹس جاری کر دیا ہے جب کہ دونوں کی ضمانت 10، 10 لاکھ کے ضمانتی مچلکوں کے عوض منظور کی گئی، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 10 اپریل تک ملتوی کردی ہے۔

سماعت کے موقع پر آصف زرداری اور فریال تالپور بھی اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے اطراف پولیس کی بھاری نفری اور قریبی عمارتوں کی چھتوں پر بھی پولیس اہلکار تعینات کئے گئے تھے جب کہ عدالت کے چاروں اطراف میں خاردار تاریں اور رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں