راولپنڈی (ڈیلی اردو) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے۔ ہمارا فرض ہے کہ ہم بلوچستان کی حکومت اور عوام کے روشن مستقبل کے لیے بھرپور تعاون کریں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سکول آف انفنٹری اینڈ ٹیکٹکس اور سدرن کمانڈ کوئٹہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کو صوبے کی سیکیورٹی کی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر اپنے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی نے ملک کی اندرونی سیکیورٹی کو درپیش چیلنجز کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور سرحدوں پر جارحیت کا بھرپور جواب دیا ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ عوام دہشتگردی اور عسکریت پسندی کے خاتمے کے حوالے سے پاکستان آرمی کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ پاکستانی عوام ہی مسلح افواج کی اصل طاقت ہیں۔ ہمیں ہمیشہ پاکستانی عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کہ ہمیں ہمیشہ پاکستانی عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہے۔ پاکستانی عوام ہی مسلح افواج کی اصل طاقت ہیں۔