افغانستان: طالبان دہشت گردوں کا وردک پولیس ٹریننگ کیمپ پر حملہ، 126 اہلکار شہید

افغانستان: طالبان دہشت گردوں کا وردک پولیس ٹریننگ کیمپ پر حملہ، 126 اہلکار شہید، 35 زخمی

کابل + وردک میدان (ویب ڈیسک/ نمائندہ ڈیلی اردو/ نیوز ایجنسی ) افغانستان کے صوبے میدان وردک میں طالبان نے پولیس ٹریننگ کیمپ پر حملہ کردیا، واقعے میں 126 اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوگئے، شہید ہونے والوں میں 8 اسپیشل کمانڈوز بھی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان میں طالبان کی پرتشدد کارروائیاں جاری ہیں، افغان طالبان نے صوبے میدان وردک کے علاقے وردک میں این ڈی ایس کیمپ پر خودکش حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 126 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ 35 اہلکار زخمی ہوگئے

اس حوالے سے افغان وزارت دفاع نے بتایا کہ شہید ہونے والوں میں 8 اسپیشل کمانڈوز بھی شامل ہیں، افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ طالبان نے بارود سے بھری گاڑی ٹریننگ کیمپ سے ٹکرا دی، دھماکا اتنا زوردار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

واقعے کے بعد ٹریننگ کیمپ کی پوری عمارت زمیں بوس ہوگئی، دھماکے کے بعد دو حملہ آوروں نے اندر گھس کر اہلکاروں پر فائرنگ بھی کی، اس دوران افغان فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان کئی گھنٹوں تک جھڑپ جاری رہی۔

ایک خودکش حملے آور نے پولیس مرکز پر خودکش کار بم دھماکا کیا اور دو خودکش بمباروں نے مرکز کے اندر داخل ہو کر پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دونوں خودکش بمبار مارے گئے

دوسری جانب افغان طالبان نے بھی حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ سپیشل فورسز کے مرکز پر حملے کے نتیجے میں سپیشل فورسز کے 200 اہلکار ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔اس کمپاﺅنڈ میں 200 سے 250 اہلکار تعینات تھے۔ طالبان دہشت گردوں اور افغان سیکیورٹی فورسز کے مابین 3 گھنٹے تک جھڑپ جاری رہی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں