سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا نے ٹیرر فنانسنگ پراگریس رپورٹ جاری کردی

پشاور (ڈیلی اردو) ٹیررفنانسنگ پراگریس رپورٹ جاری کر دی گئی، رپورٹ میں کیسز کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کی سالانہ ٹیرر فنانسنگ پراگریس رپورٹ 2023 جاری کر دی گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2023ء کے دوران ٹیرر فنانسنگ کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2022ء کے دوران خیبرپختونخوا میں 90 اور 2023 میں 298 ٹیرر فائنانسنگ کیسز درج ہوئے جبکہ ان میں 960 افراد نامزد ہوئے جن میں 311 گرفتاراور 44 ہلاک ہو گئے۔

اس حوالے سے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ٹیرر فنانسنگ کی مد میں 13 کروڑ 46 لاکھ روپے کی ریکوری کی گئی۔ پشاور ریجن میں سال 2022 میں 46 اور 2023 میں ٹیرر فنانسنگ کے 179 کیس درج ہوئے۔ گزشتہ سال مردان میں 48، بنوں 21، ڈیرہ اسماعیل خان میں 13 کیس رجسٹرڈ ہوئے تھے۔

2023ء کے دوران پشاور ریجن میں ٹیرر فنانسنگ کے 179 کیسز میں ایک ملزم کو سزا ہوئی۔

سی ٹی ڈی کے مطابق حوالہ ہنڈی، بینک، سمگلنگ یا چندہ کے نام پر دہشتگردوں کی مالی معاونت کرنے پر بھی مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں