دہشت گرد کی بیٹی دہشت گردوں کے سہولت کاروں کیلئے اسلام آباد میں احتجاج کر رہی ہے، نگران وزیر جان اچکزئی

کوئٹہ (ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ دہشت گرد کی بیٹی ہے اور دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے لیے بات کر رہی ہے۔

نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان نے کوئٹہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے جہاں ہر کسی کو احتجاج کا حق حاصل ہے لیکن اسلام آباد میں ایک دہشت گرد کی بیٹی دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے لیے احتجاج کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے شرم آتی ہے ان لوگوں پر جو ماہ رنگ بلوچ کے کیمپ میں جاتے ہیں اور شہدائے بلوچستان کے کیمپ میں نہیں جاتے، دہشت گردی کی سہولت کاری کرنے والے کبھی بلوچستان کو ترقی نہیں دے سکتے۔

جان اچکزئی نے کہا کہ کوئی بھی شہری کسی ملک سے بغیر دستاویزات کے ملک میں نہیں آسکتا، ون ڈاکومنٹ رجیم حکومتی فیصلہ ہے جس پر عملدرآمد ہورہا ہے۔

نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کے متعدد نوجوانوں نے کھیلوں میں نام روشن کیا، بلوچستان کابینہ نے احمد شہزاد کی نگرانی میں اکیڈمی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے حوصلہ افزائی کی جائے گی، کرکٹ اکیڈمی کے قیام سے نوجوانوں کو مواقع میسر آئیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں