شمالی وزیرستان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے آزاد امیدوار 2 سیکیورٹی گارڈز سمیت ہلاک

میران شاہ (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے صوبائی اسمبلی کیلئے آزاد امیدوار دو سیکیورٹی گارڈز سمیت ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق شمالی وزیرستان کے گاؤں تپی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں آزاد امیدوار ملک کلیم اللہ ہلاک ہوگئے، گولیوں کی زد میں آکر ان کے ساتھ موجود دو سیکیورٹی گارڈز بھی جان کی بازی ہار گئے۔

ڈی پی او خانزیب نے ڈیلی اردو کو بتایا ہے کہ کلیم اللہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 104 کے آزاد امیدوار تھے، وہ میرانشاہ کے علاقے سے اپنے گھر تپی جا رہے تھے جس دوران ان کی گاڑی پر حملہ ہوا۔

ڈی پی او کا مزید کہنا ہے کہ ملک کلیم اللہ پی کے 104 سے آزاد امیدوار تھے، لاشیں ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

پولیس کا بتانا ہے کہ دیگر ہلاک افراد کی شناخت مسرور اور محمد سخی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق ملک کلیم اللہ کچھ عرصے قبل ایک بم دھماکے میں زخمی بھی ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ کچھ دیر قبل بلوچستان کے شہر تربت میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اسلم بلیدی پر نامعلوم افراد نے قاتلانہ حملہ کر دیا۔

پولیس کے مطابق سابق سینیٹر و سابق صوبائی وزیر اسلم بلیدی میر عیسیٰ قومی پارک میں چہل قدمی کر رہے تھے کہ اس دوران نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے انہیں زخمی کر دیا۔

اسلم بلیدی این اے 258 سے آئندہ عام انتخابات میں (ن) لیگی کے امیدوار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں