بلوچستان: تربت میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار میر اسلم بلیدی شدید زخمی

کوئٹہ (ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے علاقے تربت میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سابق صوبائی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار میر اسلم بلیدی زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق سابق سینیٹر و صوبائی وزیر اور موجودہ این اے 258 سے قومی اسمبلی کے امیدوار قبائلی و سیاسی رہنماء میر اسلم بلیدی تربت میں میر عیسی خان پارک میں معمول کی چل قدمی (واک) کر رہے تھے کہ گاڑی سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے ان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد موٹرسائیکل سوار فرار ہوگئے۔ جبکہ زخمی رہنماء کو فوری طور پر ٹیچنگ اسپتال تربت منتقل کردیا گیا۔

ڈاکٹروں کے مطابق انہیں دو گولیاں لگی ہیں ایک کندھے پر اور دوسری ٹانگ پر خون زیادہ بہہ جانے سے ان کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل میران شاہ میں مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں پولیس کے مطابق صوبائی اسمبلی کے حلقہ 104 سے آزاد امیدوار ملک کلیم اللہ اپنے دو ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں