ڈیرہ اسماعیل خان اور شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کا آپریشنز، اہم کمانڈر سمیت 4 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے اضلاع شمالی وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے 2 مختلف آپریشنز میں انتہائی مطلوب کمانڈر سمیت 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف خیبرپختونخوا میں 2 آپریشن کیے، شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے، جن میں ہائی ویلیو ٹارگٹ کمانڈر تبسم عرف قادرمان اور ساجد عرف سرکنڈی شامل ہیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے مزید 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف مختلف دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث تھے، ہلاک دہشت گرد بھتہ خوری اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے، دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کلئیرنس آپریشنز کیے گئے، علاقہ مکینوں نے کارروائیوں کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں