انسداد دہشتگردی اتھارٹی نے قومی ایکشن پلان 2 کی تجویز دیدی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے قومی ایکشن پلان ٹو تجویز کر دیا۔ مجوزہ پلان میں کہا گیا ہے کہ قومی سلامتی کی ازسرنو تشریح ناگزیز ہے۔

نیکٹا کی جانب سے تجویز میں کہا گیا ہے کہ نوجوانوں کو انتہا پسندی سے بچانے کیلئے قومی یوتھ پالیسی تشکیل دی جائے جبکہ سیاسی افراتفری اور شدت پسندی کے چیلنجز کا جامع جائزہ لیا جائے۔

ذرائع کے مطابق نیکٹا حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے سٹریٹیجک فریم ورک ہونا چاہیے۔ درپیش سیاسی افراتفری اور انتہا پسندی کے چیلنجز کا جامع جائزہ لیا جائے جبکہ لبرل معاشرے کے فروغ کیلئے جامع پالیسی ترتیب دی جائے۔

نیکٹا نے تجویز دی ہے کہ پنجاب میں غربت، مذہبی انتہا پسندی اور عدم برداشت کے مسائل حل کیے جائیں۔ جنوبی پنجاب کے عوام کو بہترین تعلیمی سہولیات نہ ملنا انتہا پسندی کے فروغ کی بنیادی وجہ ہے۔ ان اسباب کے تدارک کے لیے قومی انسداد انتہا پسندی پروگرام شروع کیا جائے۔

پلان میں اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ نیکٹا کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس تسلسل کے ساتھ نہیں ہوتے جبکہ ادارے کا بجٹ بھی کم کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ مالی سال میں نیکٹا کا بجٹ 519.589 ملین روپے تھا جو رواں مالی سال 294.313 ملین روپے کر دیا گیا۔ نیکٹا میں منظور شدہ 841 میں سے صرف 193 ملازمین خدمات انجام دے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں