بلوچستان: سبّی میں پاکستان تحریک انصاف کی انتخابی ریلی میں دھماکا، 4 افراد ہلاک، 5 زخمی

کوئٹہ (ڈیلی اردو/بی بی سی) پاکستان کے صوبے بلوچستان کے ضلع سبّی میں پاکستان تحریک انصاف کی ریلی میں ایک دھماکے کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور پانچ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

سبّی میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر عمران بلوچ نے دھماکے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ محکمہ صحت کے ایک اہلکار نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ دھماکے میں پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنان کی ریلی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

اس دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئےسبّی کے ایس ایس پی عنایت اللہ بنگلزئی نے بتایا کہ دھماکہ شہر کے جناح روڈ پر اس وقت ہوا جب پاکستان تحریک انصاف کی ایک ریلی گزر رہی تھی۔

عنایت اللہ بنگلزئی کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ دھماکہ دیسی ساختہ بم کا تھا جو کہ کسی چیز میں نصب کیا گیا تھا۔

درایں اثناء کوئٹہ میں تحریک انصاف کے مقامی رہنما آصف ترین نے بتایا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے تحریک انصاف کے کارکن ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اس ریلی میں شریک تھے جو کہ قومی اسمبلی کی نشست این اے-253 سے پارٹی کے حمایت یافتہ امیدوار صدام ترین کی قیادت میں نکالی گئی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان نے ایک بیان میں پارٹی کی ریلی میں دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ زخمیوں کی معیاری علاج و معالجے میں کسی قسم کی غفلت برادشت نہیں کریں گے۔

دوسری جانب پاکستان کے الیکشن کمیشن نے سبّی میں ہونے والے دھماکے اکا نوٹس لیا ہے اور چیف سیکریٹری اور آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں