بلوچستان: مچھ اور کولپور کمپلیکسز پر حملہ، 3 خودکش حملہ آوروں سمیت 9 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی (ڈیلی اردو/بی بی سی) صوبہ بلوچستان کے شہر مچھ، کولپور کمپلیکس پر خودکش بمباروں سمیت دہشت گردوں نے حملہ کیا، فائرنگ کے شدید تبادلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 اہلکاروں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق مچھ اور کولپور کمپلیکسز پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا، سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 3 خودکش حملہ آوروں سمیت 9 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 29 اور 30 جنوری کی رات مچھ اور کولپور کمپلیکسز پر خودکش بمباروں سمیت متعدد دہشت گردوں نے حملہ کیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں کے حملے کا موثر جواب دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں سکیورٹی فورسز کو فوری طور پر متحرک کر دیا گیا، اب تک 3 خودکش حملہ آوروں سمیت 9 دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہو چکے ہیں۔

پاکستانی فوج کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 جوان اور 2 معصوم شہری ہلاک ہوگئے

آئی ایس پی آر کے مطابق حملے کا موثر جواب دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے لوث عزم کا ثبوت ہے، سکیورٹی فورسز قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ کھڑی ہیں۔

دوسری جانب مچھ حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم بلوچ لیبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ مچھ حملے مجید بریگیڈ ، اسپیشل ٹیکنیکل آپریشنز اسکواڈ اور انٹیلیجنس ونگ نے حصہ لیا ہے۔

بی ایل اے کے آفیشل میڈیا سیل سے جاری بیان میں تنظیم کے ترجمان جیئند بلوچ نے کہا ہے کہ مچھ بولان اور مضافاتی علاقوں میں بلوچ عوام گھروں سے نہ نکلیں اور شاہراہوں پر سفر کرنے سے گریز کریں۔

مچھ حملے کے بعد کوئٹہ سے دیگر شہروں کو جانے والے ٹرینیں منسوخ

بلوچستان کے علاقے مچھ میں گذشتہ شب ہونے والے حملے کے باعث کوئٹہ شہر سے ملک کے دیگر شہروں کو جانے والی ٹرینوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے ۔

کوئٹہ میں محمکہ ریلویز کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ کوئٹہ سے براستہ لاہور اور راولپنڈی جانے والی جعفر ایکسپریس کے علاوہ کوئٹہ سے کراچی جانے والی بولان میل کو بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ کوئٹہ سے دیگر شہروں کو جانے والی ٹرینیں مچھ سمیت درہ بولان کے دیگر علاقوں سے گزرتی ہیں۔

سکیورٹی خدشات کے باعث ٹرینوں کی منسوخی سے ان شہروں کی جانب سفر کرنے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

مچھ حملے میں پانچ عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے: جان اچکزئی کا دعویٰ

بلوچستان کے نگران صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے دعویٰ کیا ہے کہ مچھ حملے کو ناکام بناتے ہوئے سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں پانچ عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔

انھوں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ہم بلوچستان کے شہر مچھ میں دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے میں پاکستان آرمی اور ایف سی کی جانب سے کیے جانے والے تیز ترین اقدام کو سراہتے ہیں۔ ہمارے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے بی ایل اے کے پانچ دہشت گردوں کو مار دیا گیا ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے حملے میں شہریوں کی جان و مال کا تحفظ کرنے میں ہماری سکیورٹی فورسز نے جس بہادری اور جذبے کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔

واضح رہے پیر اور منگل کی درمیانی شب بلوچستان کے علاقے مچھ میں عسکریت پسندوں نے حملہ کیا تھا جس کے بعد شہر گولیوں کی آوازوں اور دھماکوں سے گونج اٹھا تھا۔

اس حملے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں