ڈیرہ اسماعیل خان میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، پولیس اسٹیشن پر حملے میں ملوث 2 دہشت گرد گرفتار

ڈی آئی خان (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے چودھوان پولیس اسٹیشن پر حملے میں ملوث 2 دہشت گردوں گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان واقعے میں ملوث نیٹ ورک کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔ اب باقی 13 دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی پولیس معاملے کی تہہ تک پہنچ گئی ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے واقعہ میں‌ ملوث دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے ہے۔

اس واقعے میں ملوث دیگر دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے حکمتِ عملی تیار کر لی گئی ہے۔

5 جنوری 2024 کو تھانے چودھوان پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک افسر سمیت 10 پولیس اہلکار ہلاک جب کہ 9 زخمی ہوئے تھے۔

پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے کارروائی میں دستی بموں کا استعمال کیا جب کہ فائرنگ بھی کی گئی۔

واضح رہے کہ ڈی آئی خان کے اس علاقے کی سرحدیں بلوچستان اور پنجاب سے ملتی ہیں۔

تحصیل درابن میں دسمبر 2023 میں بھی اسی نوعیت کا ایک حملہ ہوا تھا جس میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی زیرِ استعمال ایک سرکاری عمارت میں گھس کر 23 اہلکاروں کو قتل کر دیا تھا۔ سیکیورٹی فورسز نے اس کارروائی میں 27 دہشت گروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

اس حملے کی ذمہ داری تحریکِ جہاد نامی ایک غیر معروف عسکریت پسند گروہ نے قبول کرنے کا دعوٰی کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں