خیبر: باڑہ میں موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار اور پولیو ورکر شدید زخمی، حالت تشویشناک

باڑہ (نمائندہ ڈیلی اردو/ٹی این این) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر میں نامعلوم افراد نے پولیو ٹیم پر حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں پولیو ورکر اور پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

مقامی خبر رساں ایجنسی ٹی این این کے مطابق تھانہ باڑہ برقمبر خیل میں عربی مسجد کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کی۔

فائرنگ سے پولیس اہلکار گل کریم اور پولیو ورکر عبداللہ شدید زخمی ہوگئے جن کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ کے واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔ پولیس نے ملزمان کی سراغ رسائی اور انہیں گرفتار کرنے کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

یاد رہے کچھ روز قبل خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے سب ڈویژن بیٹنی میں بھی پولیو آبزرور کو ذبح کردیا گیا تھا۔ ایس ایچ او تھانہ آزاد خیل بیٹنی اسماعیل خان نے بتایا کہ غنی اللہ نامی آبررور گھر سے نکل کر لاپتہ ہوگیا تھا۔ بعد ازاں اسکی ذبح شدہ لاش ملی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں