نیٹو کا یوکرین کیلئے 100بلین یورو کا فوجی فنڈ زیر غور

برسلز (ڈیلی اردو/ڈی پی اے/رائٹرز) مغربی فوجی اتحاد نیٹو کے سربراہ جینز اسٹولٹن برگ نے پانچ سالوں کے لیے 100 بلین یورو کا فوجی پیکج پیش کیا ہے، جس پر برسلز میں وزرائے خارجہ کی میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

متعدد سفارت کاروں کے مطابق نیٹو کے سربراہ نے اگلے پانچ سال میں یوکرین کے لیے 100 بلین یورو کی فوجی مدد کی تجویز پیش کی ہے۔ اس کا مقصد جولائی میں واشنگٹن میں ہونے والے نیٹو سربراہی اجلاس کے لیے وقت پر امدادی پیکج کو حتمی شکل دینا ہے۔

نیٹو کے اراکین اور یوکرین کیلئے امداد

توقع ہے کہ بدھ اور جمعرات کو برسلز میں نیٹو کے وزرائے خارجہ کے دو روزہ اجلاس میں اس تجویز پر بحث کی جائے گی۔ نیٹو کے ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی اس میٹنگ کی صدارت اسٹولٹن برگ کریں گے۔

مزید امداد کے لیے یہ دباو اس بڑھتی ہوئی تشویش کے درمیان آیا ہے کہ روس کے حملے کے خلاف یوکرین کی دفاعی کوششیں سرد پڑرہی ہیں اور کییف نے یہ انتباہ بھی کیا ہے کہ گولہ بارود کا ذخیرہ کم ہو رہا ہے۔

خیال رہے کہ امریکی کانگریس میں ریپبلیکنز نے 60 بلین ڈالر کے امریکی فنڈنگ پیکج کو روک دیا ہے تاہم امید ہے کہ قانون ساز آنے والے ہفتوں میں اسے منظور کرنے کے لیے قدم بڑھاسکتے ہیں۔

یوکرین کیلئے ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کا کیا مطلب ہے؟

جرمن خبر رساں ایجنسی ڈی پی اے نے نیٹو کے سفارت کاروں کے حوالے سے کہا ہے کہ ان کا مقصد یوکرین کی حمایت کو کسی انفرادی رکن ملک پرانحصار کو کم کرنا اور ذمہ داری کا بوجھ اتحاد کے اراکین کے درمیان منتقل کرنا ہے۔

اس کا تعلق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ممکنہ دوبارہ انتخاب سے متعلق خدشات سے بھی ہے۔

ٹرمپ نے فروری میں دھمکی دی تھی کہ وہ ماسکو کو اپنی مالی ذمہ داریوں کو پورا نہیں کرنے والے نیٹو کے رکن ممالک پر حملہ کرنے کی ترغیب دیں گے۔

برسلز میں نیٹو کے وزرائے خارجہ کا ایجنڈا

خبر رساں ادارے روئٹرز نے سفارت کاروں کے حوالے سے بتایا کہ نیٹو امریکہ کی قیادت میں یوکرین ڈیفینس کانٹیکٹ گروپ (یو ڈی سی جی)، جسے رامسٹین گروپ بھی کہا جاتا ہے، سے رابطہ کاری کا کچھ کام خود سنبھالنا چاہتا ہے۔

امریکہ اب تک یو ڈی سی جی کے ذریعہ یوکرین کو ہتھیاروں کی ترسیل کو مربوط کرنے کی بنیادی ذمہ داری اٹھاتا رہا ہے۔

وزرائے خارجہ اسٹولٹن برگ کے جانشین کے متعلق بھی بات کریں گے۔ کچھ لوگوں نے مذاکرات میں ان کے جانشین کو منتخب کرلیے جانے کی امید بھی ظاہر کی ہے۔ اس وقت ڈچ وزیر اعظم مارک روٹے کو مبینہ طورپر 90 فیصد اراکین کی حمایت حاصل ہے۔

تاہم ہنگری اس کی مخالفت کر رہا ہے اور رومانیہ کے صدر کلاوس یونانس کی طرف سے حیران کن چیلنج درپیش ہے۔

نیٹو کے 75 سال

جمعرات کو نیٹو کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر گلہائے عقیدت پیش کرنے کی تقریب منعقد کی جائے گی۔

یہ مغربی دفاعی اتحاد 1949 میں دوسری جنگ عظیم کے بعد صرف 12 اراکین کے ساتھ قائم کیا گیا تھا، آج اس کی تعداد بڑھ کر 32 ہو گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں