بشام خودکش حملہ: چینی انجینیئرز کی بس ’بلٹ پروف نہیں تھی‘، پولیس رپورٹ

اسلام آباد (ڈیلی اردو) صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں چینی انجینیئرز پر خودکش حملے سے متعلق پولیس نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وفاقی وزارت داخلہ کو ارسال کی ہے۔

کے پی پولیس کی اس رپورٹ کے مطابق ابتدائی جانچ کی بنیاد پر بظاہر لگتا ہے کہ چینی باشندوں کو لے جانے والی گاڑی بلٹ پروف اور بم پروف نہیں تھی۔

رپورٹ کے مطابق جائے وقوعہ کی فضائی تصویر بھی حاصل کر لی گئی ہے اور تھانہ بشام تقریباً چھ کلومیٹر جبکہ داسو ڈیم 77 کلومیٹر جائے وقوعہ سے دور ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تباہ ہونے والی بس دوسری گاڑی سے 15 فٹ کے فاصلے پر تھی اور خودکش دھماکے سے بس 300 فٹ گہرائی میں جاگری۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چینی قافلے میں شامل تمام بسوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب تھے اور خودکش بمبار کے زیرِ استعمال گاڑی کے ٹکرے حاصل کر لیے گیے ہیں۔

گذشتہ ماہ بشام کے علاقے میں ایک خودکش حملے میں چینی انجینیئرز سمیت پانچ افراد ہلاک ہوئے تھے جس پر وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی حکام کو تحقیقات اور واقعے میں ملوث افراد کو سزائیں دینے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں