بلوچستان: کیچ میں پنجاب کے تعلق رکھنے والے دو مزدور دہشت گردانہ حملے میں ہلاک

کوئٹہ (ڈیلی اردو/بی بی سی) بلوچستان کے ایران سے متصل ضلع کیچ میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

سرکاری حکام کے مطابق مارے جانے والے افراد مزدور تھے جنھیں مسلح افراد نے تمپ کے علاقے سرنکن بالیچہ میں نشانہ بنایا۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ مارے جانے والے دونوں افراد اس علاقے میں ایک نجی عمارت پر کام کر رہے تھے۔

اہلکار کا کہنا تھا کہ مارے جانے والے افراد کی شناخت ہوگئی ہے جن کا تعلق صوبہ پنجاب کے ضلع فیصل آباد سے تھا۔ انھوں نے بتایا کہ دونوں افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

شورش سے متاثرہ ضلع کیچ اور اس سے متصل دیگر علاقوں میں اس سے قبل بھی اس نوعیت کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔

دریں اثنا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان معصوم افراد کو شناخت کی بنیاد پر مارا گیا۔

ایک ٹویٹ میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ’جب ہم جیسے لوگ کہتے ہیں کہ بلوچستان میں قوم پرست، علیحدگی پسند دہشت گردی ہے تو کہا جاتا ہے کہ یہ حقوق کی جنگ ہے۔‘

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ‘دہشت گردوں، ان کے مالی و نظریاتی مدد گاروں کو کیفر کردار تک پہنچ کر دم لیں گے۔‘

اپنا تبصرہ بھیجیں