بشام میں چینی شہریوں پر خودکش حملے میں ملوث ٹی ٹی پی کے چار دہشت گرد گرفتار

پشاور (ڈیلی اردو) کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) ‏خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں چینی انجینیئرز کے قافلے پر خودکش حملے میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) ملوث ہے اور اس کے خلاف مشترکہ کارروائیوں کے دوران چار ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں۔

26 مارچ کو بشام میں داسو منصوبے کے قریب اس حملے میں پانچ چینی شہری اور ایک پاکستانی ڈرائیور کی ہلاکت ہوئی تھی۔ تاحال کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا ہے۔

اس کا کہنا ہے کہ حملے میں ملوث نیٹ ورک کے ’اہم کرداروں کا تعین کر لیا گیا ہے۔ چار ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔‘

’پورے نیٹ ورک کو پکڑنے کی کوششیں جاری ہیں۔‘

اس کے مطابق ضلع مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے ٹی ٹی پی کے ایک سہولت کار نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے حملے میں مرکزی کردار ادا کیا۔

خیال رہے کہ 26 مارچ 2024 کو چینی انجینیئر اسلام آباد سے داسو منصوبے کی طرف جا رہے تھے جب بشام میں ان کی وین پر حملہ ہوا اور یہ گہری کھائی میں جا گری۔

اپنا تبصرہ بھیجیں