افغانستان: بدخشاں میں طالبان کانوائے کے قریب دھماکا، 7 فوجی ہلاک، 14 زخمی

کابل (ڈیلی اردو) افغانستان کے صوبے بدخشاں میں دھماکے کے نتیجے میں 7 طالبان فوجی ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق افغان صوبے بدخشاں کے شہر فیض آباد میں سڑک کنارے کھڑی موٹرسائیکل میں اُس وقت دھماکا ہوگیا جب وہاں سے طالبان فوج کی گاڑیوں کا قافلہ گزر رہا تھا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق موٹر سائیکل میں بارودی مواد بھرا ہوا تھا جسے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے اُڑایا گیا۔ دھماکا اتنا زور د ار تھا کہ طالبان ملٹری کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق فوری طور پر کسی گروپ کی جانب سے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے تاہم طالبان کے 2021 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے فوجی قافلوں، امام بارگاہوں اور حکومتی دفاتر پر حملوں میں داعش خراسان ملوث رہی ہے۔

دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر ہر طرف انسانی اعضا بکھرے ہوئے ہیں۔ 3 اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ 15سے زائد زخمی ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

جہاں مزید 4 زخمیوں نے دوران علاج دم توڑ دیا جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 7 ہوگئی۔ 2 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ طالبان نے علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں