بنوں: بنیادی مرکز صحت اڑانے کا منصوبہ ناکام، 5 کلو وزنی بم ناکارہ بنا دیا گیا

بنوں (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے تھانہ کینٹ کی حدود ممندخیل میں بیسک ہیلتھ یونٹ (بی ایچ یو)کے ساتھ نصب شدہ بم برآمد کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود میں واقع ممندخیل کے بنیادی مرکز صحت کے برآمدے میں نامعلوم ملزمان نے دھماکہ خیز بارودی مواد نصب کر رکھا تھا۔ پولیس کے مطابق الصبح مقامی لوگوں کی نظر پڑی جنہوں نے فوری طور پر کینٹ پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس کے مطابق بم ڈسپوزل سکواڈ نے 5 کلو بارودی مواد برآمد کر کے ناکارہ بنا دیا جبکہ علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق اس بم کے ساتھ نامعلوم افراد نے گیٹ پر دھمکی آمیز خط بھی چسپاں کر رکھا تھا جو کہ پشتو زبان میں تھا۔

اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خط میں پولیو ورکرز اور ڈاکٹروں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ ضلع بنوں کی تحصیل بکاخیل میں 6 مئی سے پولیو کمپین جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں