بلوچستان: زیارت میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک، کوئلے کے 5 ٹرک نذر آتش

کوئٹہ (ڈیلی اردو/بی بی سی) صوبہ بلوچستان کے ضلع زیارت کے علاقے سنجاوی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے کم از کم ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔ مسلح افراد نے کوئلے سے لوڈ پانچ ٹرکوں کو نذر آتش بھی کیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر زیارت لیاقت علی کاکڑ نے فون پر برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کو بتایا کہ منگل کو کوئلے سے لوڈ ٹرک دکی سے سنجاوی کی جانب آ رہے تھے کہ بغاؤ کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے ان پر حملہ کیا۔ اس حملے کے نتیجے میں ایک ٹرک ڈرائیور ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے علاوہ مسلح افراد نے پانچ ٹرکوں کو نذر آتش بھی کیا۔

ایسی اطلاعات ہیں کہ مسلح افراد نے چار ٹرک ڈرائیوروں کو اغوا بھی کر لیا ہے لیکن ڈپٹی کمشنر نے اس کی تصدیق نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد تین ڈرائیور تاحال لاپتہ ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ لاپتہ ڈرائیور خوف کی وجہ سے بھاگ گئے ہیں یا ان کو اغوا کرلیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں