مظفر آباد (ڈیلی اردو) لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری سے ایک اور شہری جاں بحق اور 2 خواتین زخمی ہوگئیں۔
ڈپٹی کمشنر کوٹلی ڈاکٹر عمر عظیم نے بتایا کہ بھارتی سیکیورٹی فورسز نے ضلع کوٹلی کے مختلف مقامات پر شیلنگ کی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ 2 خواتین رحمت بیگم اور عظمت بیگم زخمی ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی شیلنگ 2 گھنٹے تک جاری رہی۔
بھارتی فوج کی شیلنگ کی زد میں آکر 18 سالہ لڑکا محمد عتیق موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جان جوٹ بہادر گاؤں میں رحمت بیگم اور عظمت بیگم بھارتی شیلنگ سے زخمی ہوئیں جنہیں مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے سبزکوٹ اور نارا کوٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا تاہم وہاں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔